1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بال غلط کاٹنے پر حجام کے خلاف قانونی کارروائی

25 دسمبر 2018

جرمنی میں ایک خاتون نے بال زیادہ کاٹ دینے کی وجہ سے اپنی زلف تراش کے خلاف ایک شکایت درج کروائی ہے۔ پولیس کے مطابق انہوں نے اس انوکھے کیس کے حوالے سے تفتیش کا عمل شروع کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3AcWE
Kundin beim Friseur - Genderpricing
تصویر: picture alliance/dpa/C. Schmidt

پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق یہ واقعہ جرمن علاقے ویٹن برگ میں پیش آیا ہے، جہاں ایک چونتیس سالہ خاتون شہر کے اندرونی حصے میں واقع ایک حجام کی دکان پر گئیں۔ متاثرہ خاتون نے وہاں موجود ایک خاتون زلف تراش کو تصویر دکھاتے ہوئے کہا کہ اسے اس طرز کے بال بنوانے ہیں۔

حجام خاتون نے بالکل ویسا ہی ہیئر سٹائل بنانے کی حامی بھر لی، جیسا تصویر پر نظر آ رہا تھا لیکن بعدازاں حجام نے مبینہ طور پر مطلوبہ سے چھوٹے بال کاٹ دیے۔ یاد رہے کہ جرمنی میں حجام بننے کے لیے کم از کم دو سے تین سالہ تربیت حاصل کی جاتی ہے۔ اس دوران پریکٹیکل کے ساتھ ساتھ اسکولوں میں کلاسز بھی لینا پڑتی ہیں اور مطلوبہ مہارت حاصل اور امتحانات پاس کرنے کے بعد ہی کسی کو حجام کی سند حاصل ہوتی ہے۔

پولیس کے مطابق خاتون حجام نے اپنی غلطی تسلیم کی اور بعدازاں نقلی بال لگاتے ہوئے خاتون گاہک کے بال بڑے تو کر دیے لیکن اس دوران کافی وقت لگ گیا تھا۔ خاتون گاہک نے اسی چیز کو بنیاد بناتے ہوئے پولیس کے پاس شکایت درج کروائی ہے۔  جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ زیادہ دیر بیٹھنے اور پریشانی کی وجہ سے اسے سر درد کا سامنا کرنا پڑا اور خاتون حجام کے خلاف گاہک کو جسمانی نقصان پہنچانے کی شکایت درج ہوئی ہے۔

مقامی پولیس کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ فی الحال اس کیس کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ یہ کیس عدالت میں بھی جا سکتا ہے اور حجام کی غلطی ثابت ہونے پر اسے جرمانے کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ جرمنی میں ایسے یا ایسی کسی دوسری نوعیت کے کیسز میں متاثرہ شخص کو زر تلافی بھی ادا کیا جاتا ہے۔

Kundin beim Friseur - Genderpricing
تصویر: picture alliance/dpa/C. Schmidt

ا ا / ع ب (ڈی پی اے)